بطور وزیراعظم عمران خان کا عہدہ ختم نوٹیفکیشن جاری ،کابینہ تحلیل

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) بطور وزیراعظم عمران خان کاعہدہ ختم ہوگیا۔کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔عمران خان نگران وزیراعظم کے تقرر تک کام جاری رکھیں گے جبکہ کابینہ بھی تحلیل کردی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹیکل 94 کے تحت صدر مملکت نے وزیراعظم کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔کابینہ ڈویژن نے 25 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت 4 مشیروں، 19 معاونین خصوصی کو بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم کام کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پر غور کیا گیا۔حکومت کی جانب سے نگران وزیراعظم کے لیے نام اپوزیشن لیڈر کو بھجوائے جائیں گے۔اجلاس میں موجودہ صورتحال اور قانونی امور پر بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان آج ، پروگرام آپکا وزیراعظم آپکے ساتھ میں عوام کی براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کریں گے اور عوام کے سوالات کے جواب دیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More