بیجنگ(پاک ترک نیوز) بیجنگ میں 2022 کےسرمائی اولمپکس کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے کرونا کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے کھیلوں کو دیکھنے کے لئے آنے والے تماشائیوں کی تعداد کم کرنے اور کرونا کی تمام حفاظتی ضروریات کو پورا کرنے والے صرف چین کے شہریوں کو ہی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب ٹکٹوں کی فروخت کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وبائی مرض کی موجودہ سنگین اور پیچیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور تمام شرکاء اور تماشائیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیاہے کہ ٹکٹوں کو مزید فروخت نہیں کیا جانا چاہئے بلکہ کھیلوں کے دوران موافقت پذیر منصوبہ بنایا جائے گا جو تماشائیوں کے گروپوں کو مدعو کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منتظمین توقع کرتے ہیں کہ تماشائی کھیلوں کو عمدگی سے تکمیل تک پہنچانے کے لیے پیشگی شرائط کے طور پر ہر ایونٹ سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میںکووڈ۔19کے انسداد کے اقدامات کی سختی سے پابندی کریں گے۔
یاد رہے کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 2022 ءکے سرمائی اولمپک کھیلوں کا انعقاد 4 سے 20 فروری تک ہونا ہے، جب کہ پیرا اولمپک سرمائی کھیل 4 سے 13 مارچ کو منعقد ہوں گے۔