استنبول (پاک ترک نیوز)
ترکیہ کو کچرے سے پاک کرنے کے انقلابی منصوبے "زیروویسٹ "نے اپنے آغاز سے اب تک پانچ برسوں میں مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اور ملک میں کوڑا کرکٹ کی ری سائیکلنگ کی شرح 25فیصد پر پہنچ چکی ہے۔ جس سے ملک کو اب تک 1.8ارب ڈالر کا فائدہ ہوا ہے۔
ماحولیات، شہری منصوبہ بندی اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے منصوبے کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کیا ہے۔ جن کے مطابقملک میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف مہم کا بین الاقوامی چہرہ بننے والی خاتون اول امینہ اردوان کی زیر سرپرستی چلنے والا ملک کو آلودگی سے پاک کرنے کایہ انقلابی منصوبہ 2017میں اپنے آغاز سے اب تک ساڑھے 26کروڑ درختوں کو بچانے سمیت 25کروڑ کے قریب نئے درخت لگا کر 3ملین ٹن گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روک چکا ہے۔ جبکہ یہ سلسلہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔
اسی طرح کوڑے کرکٹ کی درجہ بندی اور ری سائیکلنگ سے 1.8ارب ڈالر کی کمائی کی جا چکی ہے ۔وزارت کے تعاون سے اس منصوبے کو سب سے پہلے سرکاری دفاتر میں لاگو کیا گیا تھا۔ جس میں کئی وزارتوں نے اپنے کوڑا کرکٹ کو بے ترتیب ضائع کرنے کی بجائے اسے چھانٹ کر ری سائیکل کرنے کی اسکیم کو اپنایا تھا۔ پانچ سال بعد اب اس منصوبے سے وابستہ سرکاری ایجنسیوں اور پرائیویٹ کمپنیوں کی تعداد 140,000 تک پہنچ چکی ہے۔ وزارت کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملک کی ری سائیکلنگ کی شرح، جو 2017 میں منصوبہ شروع ہونے کے وقت 13فیصد تھی وہ 2021 کے اختتام پر 25فیصد تک پہنچ چکی ہے۔اور اس کا اگلا ہدف اسے 2023 میں 35فیصد تک لانا ہے۔
مزید براںاس منصوبے کو بڑے پیمانے پر صفائی مہم کے ذریعے پانی کے ذخائر کو آلودگی سے بچانے کے لیے "زیرو ویسٹ بلیو” کے عنوان سے سمندروں تک بھی پہنچایاجا رہا ہے۔اور 2022 تک، سمندری فضلہ کو جمع کرنے اور اسے ٹھکانے لگانے کی مناسب سہولیات تک پہنچانے کی مقدار تقریباً 134,000 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔