انقرہ(پاک ترک نیوز)
صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ترکی ان ممالک کیلئےنیٹو کی رکنیت کو گرین لائٹ نہیں کرے گا جو اس پر پابندیاں عائد کرتے ہیں۔ اردوان نے کہا کہ فن لینڈ اور سویڈن کا دہشتگردوں کے خلاف کوئی واضح موقف نہیں ہے۔
کئی دہائیوں تک سویڈن اور فن لینڈ نے غیر جانبدار خارجہ پالیسی اپنائی لیکن روس یوکرین جنگ دونوں ممالک کے نقطہ نظر میں تبدیلی کا باعث بنی۔ دونوں ممالک کے عوام اور سیاستدان نیٹو اتحاد میں شمولیت کے حق میں ہیں۔کیونکہ نیٹو میں نئے ارکان کی شمولیت کیلئے تمام رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے ہونا ضروری ہے اسی لیے ترکی کے اس معاملے پر تحفظات کودور کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔
سویڈن اور فن لینڈ نے کئی برسوں تک ترکی مخالف دہشتگردوں کو نہ صرف پناہ دیے رکھی بلکہ انکی حوالگی کی متعدد درخواستوں کا بھی مثبت جواب نہیں دیا۔
صدر اردوان نے گزشتہ ہفتے کہا کہ بعض اسکینڈینیوین ممالک موثر طریقے سے دہشتگرد گروہوں کیلئے گیسٹ ہاوسز کے طور پر کام کرتے ہیں۔