ترکی کے مکینیکل وینٹی لیٹرز نے 30 ممالک میں کورونا کے لاکھوں مریضوں کی جان بچائی

کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے ترکی کی چار کمپنیوں نے مشترکہ طور پر ایک مکینیکل وینٹی لیٹر تیار کیا جو اس وقت دنیا کے 30 ممالک میں استعمال ہو رہا ہے۔ وینٹی لیٹر کی تیاری میں ترک حکومت نے چاروں کمپنیوں کو مدد فراہم کی۔

مکینیکل وینٹی لیٹر کا نام "بائیوسِس” رکھا گیا ہے۔

ترک وزارت صنعت و ٹیکنالوجی کے جمال ایردوان نے میڈیا کو بتایا کہ بائیوسِس وینٹی لیٹر 2017 میں تیار کیا گیا تھا۔ 2020 کے شروع میں کورونا وائرس نے جب عالمی وبا کی صورت اختیار کی تو وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت محسوس ہوئی جس کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن شروع کی گئی۔ اس وقت دنیا کے 30 ممالک میں یہ وینٹی لیٹر استعمال ہو رہا ہے۔

اس وینٹی لیٹر کی تیاری میں دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی ترکی کی تین بڑی کمپنیوں آرجیلک، اسیل سان اور بیکر نے تکینیکی تعاون فراہم کیا۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا میں جب لوگوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اس وقت مکینیکل وینٹی لیٹر کی ڈیمانڈ میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اب یہ وینٹی لیٹر "بائیو وینٹس” کے نام سے تیار کئے جا رہے ہیں۔

جمال ایردوان نے بتایا کہ ترکی کی الیکٹرونکس مصنوعات تیار کرنے والی ایک بڑی کمپنی آرجیلک نے 5000 وینٹی لیٹرز تیار کئے جس کے بعد دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والی سرکاری کمپنی اسیل سان نے اس کی تجارتی پیداوار شروع کر دی۔ اب تک 20 ہزار سے زائد وینٹی لیٹرز تیار کر کے مختلف ممالک کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لئے برآمد کئے جا چکے ہیں۔ یہ وینٹی لیٹرز ترکی میں بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔

جمال ایردوان نے کہا کہ ترکی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد وینٹی لیٹرز کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔ اب کئی کمپنیاں اس طرح کے وینٹی لیٹرز تیار کرنے میں مصروف ہیں تاکہ مقامی اور ایکسپورٹ ڈیمانڈ کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بائیو وینٹس کی مجموعی پیداوار میں سے نصف ایکسپورٹ کئے جا رہے ہیں اور نصف مقامی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ غریب ممالک کو عطیے کے طور پر مفت فراہم بھی کئے جا رہے ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More