ترک سرمایہ داروں کا وفد "اوز استنبول "کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا

استنبول( پاک ترک نیوز)ترکی اور پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کا میدان کھلنے لگا ۔ ترکی کا ایک بڑا سرمایہ کار گروپ اوز استنبول پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے دس روزہ دورے پرپاکستان پہنچ گیا۔اوز استنبول کے چیئرمین کے ساتھ سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔

پاکستان اور ترکی کے درمیان سماجی اور معاشی تعلقات اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اوز استنبول نے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترک سرمایہ کار وفد اسلام آباد میں قیام کے دوران وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔ ترک وفد خان پور ڈیم کا دورہ کرے گا اور دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف ثقافتی اور سیاحتی مقامات کی سیر بھی کرے گا۔ اس کے علاوہ ترک وفد قومی اسمبلی اور سینیٹ بھی جائے گا۔

اسلام آباد سے ترک وفد خیبر پختون خوا جائے گا جہاں وہ پشاور میں خیبرپختونخواحکومت کا مہمان ہو گا۔ پشاور میں مختلف میگا پراجیکٹس میں مشترکہ سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

ترک وفد خیبر پختون خوا کے مشہور سیاحتی شہر مالم جبہ کا دورہ بھی کرے گا۔ پشاور سے ترک وفد سیالکوٹ پہنچے گا۔ ترک سرمایہ کاروں کی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے ملاقات ہو گی جہاں وہ کھیلوں اور سرجری کے آلات سمیت مختلف صنعتوں کا دورہ کریں گے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی ترک وفد کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی جس میں لاہور کے تاجروں اور صنعتکاروں کے ساتھ ترک سرمایہ کاروں کی ملاقاتیں ہوں گی اور باہمی سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے طے پائیں گے۔ترک وفد پاکستان کے دل اور ثقافتی شہر لاہور کی مختلف تاریخی عمارات اور ثقافتی مراکز کا دورہ کرے گا۔وفد بادشاہی مسجد جائے گا اور مزار اقبال پر بھی حاضری دے گا۔ لاہور کے قلعے میں ترک وفد کے لئے ایک تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

ترک وفد لاہور سے کراچی روانہ ہو گا جہاں کراچی چیمبر ان کا میزبان ہو گا۔ کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقاتیں ہوں گی اور مشترکہ سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

اوز استنبول نے دورہ پاکستان کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ اوز استنبول کا کہنا ہے کہ پاکستان کے رئیل سیکٹر کے ساتھ ساتھ کئی دیگر شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے ٹھوس منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More