لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کی منزل زیادہ دور نہیں،صرف اور صرف صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں ۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور زمان پارک میں غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت اور مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف صرف اور صرف صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے، حقیقی آزادی کی منزل اب زیادہ دور نہیں۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ کے جلسوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور وزیر آباد میں ہونے والے حملے سے متعلق پی ٹی آئی چیئر مین سے رہنماؤں نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے حوالے سے مشاورت کی۔