روس سے جنگ کے باعث دو تہائی یوکرینی بچے بے گھر ہو گئے

نیو یارک (پاک ترک نیوز) یونیسف کا کہنا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے باعث دو تہائی بچے اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے ایمرجنسی پروگرام کے ڈائریکٹر مانویل فونٹین کا کہنا ہے کہ یوکرین کے 75 لاکھ بچوں میں سے 48 لاکھ کا جنگ سے متاثر ہونا اور اتنی قلیل مدت میں گھروں کو چھوڑنا ناقابل یقین ہے۔
یونیسف کے ڈائریکٹر مانویل فونٹین نے یوکرین کے دورہ کے موقع پر کہا کہ اپنی 31 برس کی پیشہ وارانہ زندگی میں اس سے قبل انہوں نے کہیں بھی ایسا ہوتا نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 48 لاکھ بے گھر بچوں میں سے 28 لاکھ یوکرین کے اندر بے گھر ہوئے جبکہ 20 لاکھ کے لگ بھگ دوسرے ملکوں میں گئے ہیں۔
یونیسف کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کی مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 142 ہے لیکن خدشہ ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر سرگئی کیسلیٹسیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرین سے ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More