سائبر حملے، امریکہ کے بڑے ائرپورٹس کی ویب سائٹس جزوی متاثر

نیویارک (پاک ترک نیوز)
امریکہ کے بڑے ائر پورٹس کوسائبر حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ حملے ابتدائی معلومات کے مطابق روس کے اندر سے کئے گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس بات کا انکشاف ایک سینئر امریکی عہدیدار نے کیا ہے۔ جن کا دعویٰ ہے کہ پیر کے روز بعض بڑے امریکی ایئرپورٹس کو سائبر حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔اوریہ حملے روس کے اندر سے ایک حملہ آور نے کئے ہیں۔مگر خوش قسمتی سے ایئرپورٹس کے جس سسٹم کو نشانہ بنایا گیا وہ ہوائی ٹریفک کنٹرول، ایئر لائنز کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن یا ٹرانسپورٹیشن سے وابستہ نہیں تھا۔ چنانچہ ائرپورٹس معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے پیر کی صبح سائبر سکیورٹی اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی ایجنسی نے اطلاع دی کہ ’’ لاگارڈیا‘‘ ایئررپورٹ نیویارک کے نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم سسٹم کو بحال کردیا گیا ہے۔اس کے بعد ڈیس موئنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور شکاگو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹس بھی متاثر ہوگئیں۔ جبکہ ہارٹس فیلڈ۔جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نےدن ساڑھے 10 بجے اطلاع دی کہ ویب سائٹ پر حملہ کیا گیا تھا اور اب وہ دوبارہ کام کر رہی ہے۔ مزید یہ کہ ایئرپورٹ پر جاری آپریشن متاثر نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق ان حملوں کی وجہ سے مسافروں کی ایئرپورٹس کی ویب سائٹس تک رسائی رک گئی۔ جس سے ایئرپورٹس پر ہجوم بڑھ گیا اور مسافروں کو انتظار کی زیادہ مشقت برداشت کرنا پڑی۔تاہم پروگرامرز اور انجینئرز ان خامیوں کو ختم کرنے پر کام کررہے ہیں جن کے ذریعے ہیکرز ان ویب سائٹس کو ہیک کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More