ہالی ووڈ (پاک ترک نیوز)
امریکی ریاست ورجینیا کے ایک جج نے ہالی وڈ اداکارہ ایمبر ہرڈ کی جانب سے اپنے سابق شوہراداکار جانی ڈپ کے خلاف نئے ٹرائل کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
ہالی ووڈ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمبر ہرڈ کے وکلاء نے جج پینی ازکاریٹ سے کہا کہ وہ جانی ڈیپ کو 10 ملین ڈالر دینے کے جیوری کے فیصلے کو ایک طرف رکھ دیں اور مقدمے کی سماعت کا اعلان کریں، تاہم جج نے اس درخواست کو مسترد کر دیا۔
ایمبر ہرڈ نے اپنی درخواست میں ایک نئے مقدمے کی سماعت کے لیے کہا تھا کیونکہ فیصلہ سنانے والے سات ججوں میں سے ایک جج وہ نہیں تھے جنہیں جیوری سروس کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
تاہم جج پینی ازکاریٹ نے کہا کہ دھوکہ دہی یا غلط کام کا کوئی ثبوت نہیں ہے، جیوری نے قانونی تقاضوں کو پورا کیا۔اس لئے مقدمے کے ازسر نو ٹرائل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں امریکہ میں جیوری نے ہالی وڈ اداکار جانی ڈپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ان کی سابقہ اہلیہ کی جانب سے جسمانی تشدد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔البتہ جیوری نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایمبر ہرڈ جانی ڈپ کو ایک کروڑ تین لاکھ پچاس ہزار ڈالر ہرجانہ ادا کریں۔جبکہ جیوری نے اداکارہ ایمبر ہرڈ کے حق میں بھی فیصلہ سنایا جنہوں نے ڈیپ کے وکیل پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ ان کی ہتک عزت کی وجہ بنے۔ اسی بنا پر جیوری نے جانی ڈپ کو اپنی سابقہ اہلیہ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیاتھا۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی ملاقات 2011 میں فلم ’دی رم ڈائری‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی اور دونوں کی شادی 2015 سے 2017 تک قائم رہی تھی۔جبکہ جانی ڈپ نے اپنی سابقہ اہلیہ کے واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والے ایک مضمون میں ان پر گھریلو تشدد کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے 2018 میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔