نئی دہلی (پاک ترک نیوز) سابق کرکٹر اور 1983میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی روجر بنی کو بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ۔
67 سالہ سابق کرکٹر روجر بنی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ انکے بیٹے اسٹوارٹ بنی بھی بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔روجر بنی 1983 کے ورلڈکپ میں بھارت کو چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس میں انہوں نے 8 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بی سی سی آئی کے 36 ویں بورڈ اجلاس میں عہدے سے علیحدگی اختیار کی، گزشتہ ہفتے حکومت نے روجر بنی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر سارو گنگولی دوسری مدت کیلئے بھی کام جاری رکھنے کے خواشمند تھے تاہم سابق کرکٹر کو آئی پی ایل کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے ٹھکرادی تھی۔
دوسری جانب بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ دوسری مدت کے لیے بی سی سی آئی کے سیکریڑی کیلئے نامزد کردیئے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سال 2021 میں ٹی20 ورلڈکپ کے دوران بھارتی ٹیم اور سابق سربراہ بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں انکی ٹیم پاکستان اور نیوزی لینڈ سے ابتدائی دو میچزمیں ناکامی بعد فائنل فور میں بھی رسائی حاصل نہیں کرسکی تھی، اسی ورلڈکپ میں پاکستان نے پہلی بار بھارت کو ورلڈکپ مقابلوں میں 10 وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا تھا۔