اسلام آباد(پاک ترک نیوز) یورپی ملک سربیا میں تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر پاکستانی سفارتخانے کے تصدیق شدہ اکائونٹ سے احتجاجی ٹوئٹ کیا گیا ۔
پاکستانی سفارتخانے کے تصدیق شدہ ٹوئٹراکاؤنٹ سے کئے گئے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ’’مہنگائی سارے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان آپ کیا توقع رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے۔ فیسوں کی عدم ادائیگی پرہمارے بچے اسکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔ کیا یہ ہے نیا پاکستان؟
سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے گلوکار سعد علوی کا طنزیہ گانا آپ نے گھبرانا نہیں ہے بھی ٹوئٹ کیا گیا۔
وزیراعظم کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹرارسلان خالد نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا ٹوئٹراکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے۔ وزرات خارجہ اس بارے میں انکوائری کررہی ہے۔