سعودی عرب کا ٹیکنالوجی کے میدان میں 6.4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

ریاض (پاک ترک نیوز) سعودی عرب ٹیکنالوجی کے میدان میں 6.4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
سعودی مواصلات اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر عبدالله بن عامرالسواحہ نے بین الاقوامی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم لیپ کے موقع پر کہا کہ سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو اپنے فنڈ دنیا بھر کے کاروباری افراد کو تبدیلی لانے میں مدد دے گی۔انہوں نے اگلے 8برسوں میں ایک لاکھ سے ڈھائی لاکھ کے قریب نئی ملازمتیں پیش کرنے کا اعلان بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی ٹیلی کام کمپنی، آبدوزوں کی تاروں اور ڈیٹا مراکز کے بنیادی ڈھانچے میں ایک ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ سرمایہ کاری میں ای ڈبلیو ٹی پی عربیہ کیپیٹل کا 2 ارب ڈالر کا فنڈ بھی شامل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت مملکت میں ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل مارکیٹ کا حجم 40 ارب ڈالرہےاور یہ خطے میں اب تک کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔
العریبیہ کے مطابق حکومت کویہ بھی توقع ہے کہ 1.4 ارب ڈالرانٹرپرینیورشپ میں خرچ کیے جائیں گے اورڈیجیٹل مواد کی معاونت کے لیے فنڈزمختص کیے جائیں گے جن میں گیراج کے نام سے ایک اقدام بھی شامل ہے۔
سعودی عرب پہلے ہی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں وژن 2030 کے نام سے معروف اقتصادی اصلاحات کے وسیع ترمنصوبے میں سینکڑوں ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کررہا ہے۔اس کے تحت سعودی معیشت کو متنوع بنانے اورتیل کی آمدن پرانحصار کم کرنے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More