سعودی عرب کے دارالحکومت میں تین روزہ ریاض اقتصادی فورم آج سے شروع ہو گا

ریاض (پاک ترک نیوز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آج ریاض اکنامک فور م کے 10 ویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے۔
سعودی سرکاری میڈیاکے مطابق ریاض اکنامک فورم تین روز تک جاری رہے گا، جس میں سرکاری عہدیدار، اقتصادی ماہرین و سکالر اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
ریاض ایوان صنعت و تجارت کے چیئرمین عجلان بن عبدالعزیز العجلان نے کہا ہے کہ فورم میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے قومی معیشت کے ڈھانچے کی تنظیم نو، قومی معیشت کی بنیادوں کے استحکام کی حکمت عملی اور ترقیاتی و اقتصادی مسائل پر مباحثے ہوں گے۔
ریاض اکنامک فورم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد الراجحی نے بتایا کہ فورم کے 10 ویں ایڈیشن میں چار بنیادی مطالعات زیر بحث آئیں گے۔ مملکت کے تمام علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنا، سیاحت اور لاجسٹک خدمات کے فروغ میں اس کے اثرات، فیس، ٹیکس اور زکوۃ کے ضوابط کے اجرا میں متعلقہ اداروں کی یکجہتی کا جائزہ، آزاد کاروبار کے حوالے سے چیلنجوں کا جائزہ، نئی سرمایہ کاریوں کا جائزہ، ڈیجیٹل تبدیلی اور نالج اکنامی کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔
ڈاکٹر خالد الراجحی نے کہا کہ فورم گزشتہ برسوں کے دوران 49 عمیق جائزے پیش کر کے 308 سفارشات اور انیشیٹو جاری کر چکا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More