سیلاب زدگان کے لئے سعودی امداد کے 100ٹرک این ڈی ایم اے کے حوالے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
شاہ سلمان انسانی ہمدردی امدادی سینٹر نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی امداد سے لدے (950 ٹن)ضروری اشیائے خوردونوش کے 100 ٹرک این ڈی ایم اے کے حوالے کر دیئےہیں۔
اس موقع پر پیر کے روز پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور سعودی عرب ہمیشہ سے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، کنگ سلمان ریلیف سینٹر اور سعودی قیادت کا سیلاب متاثرین اورقدرتی آفات میں امداد پر شکریہ ادا کیا۔
10ہزار فوڈ پیکیج پاکستان کے تمام صوبوں کے 17 اضلاع میں رہنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کیا جائیں گے۔ اس فوڈ پیکیج میں تمام تر ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ ایک فوڈ پیکیج کا مجموعی وزن 95 کلوگرام بنتا ہے جس میں 80 کلو آٹا،5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، 5 کلو دال چنا شامل ہیں جو کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) اور مقامی حکومت کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ اس غذائی پیکیج سے 70000 سے زائد افراد مستفید ہونگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کنگ ریلیف سنٹرکی جانب سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مقیم سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں 5000 فوڈ پیکیجزتقسیم کئے گئے جس سے تقریباً35000 سے زائد افراد مستفیدہوئےتھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More