شخصیات پر تنقید کو ادارے پر تنقید نہیں سمجھنا چاہیے،اسد عمر

 

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ شخصیات پر تنقید کو ادارے پر تنقید نہیں سمجھنا چاہیے۔آئی ایس پی آر کے عمران خان پر الزامات بے بنیاد ہیں۔
ٹوئٹ میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ افراد پر کی جانے والی تنقید کو اداروں پر تنقید قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہیں، ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے قوم کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانیوں کی وجہ سے ادارے محبت و عزت کے مستحق ہوتے ہیں، لیکن ہر ہر شخص اس عزت و پیار کے مستحق نہیں ہوتا۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایس پی آر جاننا چاہتا ہے کہ شہدا اور ادارے کی توہین کیا ہوتی ہے تو وہ موجودہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی قومی اسمبلی میں کی گئی وہ مشہور تقریر سن لے جس میں وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ فوج نے قوم کی ہڈیوں سے گوشت تک نوچ لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر کے عمران خان پر الزامات بے بنیاد ہیں، انھوں نے کبھی ادارے کیخلاف بات نہیں کی، بلکہ ہمیشہ اسے مضبوط کرنے کی بات کی، شخصیات پر تنقید کو ادارے پر تنقید نہیں سمجھنا چاہیے۔
اسد عمر نے سوال اٹھایا اگر ادارے کا کوئی بھی رکن کچھ غلط نہیں کرتا تو پھر کورٹ مارشل کیوں کیے جاتے ہیں؟، حتیٰ کہ جرنل رینک کے افسران کا بھی ماضی میں کورٹ مارشل ہوا ہے، اگر وہ ایسے کام کرتے ہیں جس پر کورٹ مارشل کیا جاتا ہے تو افراد پر تنقید کیوں نہیں جاسکتی؟

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More