صدر ایردوان نے ترک سینٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کر دیا

مہنگائی کے ہاتھوں تنگ صدر رجب طیب ایردوان نے ترکی کے سینٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کر دیا۔
گورنر کی تبدیلی کے صرف 10 دن بعد ہی ڈپٹی گورنر مراد چتین قایا کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
امریکہ کی سرمایہ کار کمپنی مورگن سٹینلے کے ایک ایگزیکٹو مصطفیٰ دمان کو سینٹرل بینک کا ڈپٹی گورنر بنا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق ڈپٹی گورنر مراد چتین قایا اس سے پہلے استنبول اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہیں اگست 2019 میں ڈپٹی گورنر بنایا گیا تھا۔
ترکی میں مہنگائی اور ٹرکش لیرا کی گرتی ہوئی قیمت کسی طور پر رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان اس وقت ترکی میں بلند ترین شرح سود سے پریشان ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں سینٹرل بینک نے شرح سود 2 فیصد بڑھا کر 19 فیصد کر دی تھی جس کے بعد صدر ایردوان نے سینٹرل بینک کے گورنر ناجی آبال کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا تھا۔ آج ڈپٹی گورنر کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More