ملتان (پاک ترک نیوز) سابق وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، الیکشن ملتوی کرنے کا جواز تسلیم نہیں کرتے،
شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ اس بار پیپلزپارٹی اندرون سندھ سے بھی ہارے گی، سندھ میں انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے، بلاول بھٹو اس وقت وزیر خارجہ آفس میں انٹرن شپ کر رہے ہیں، بلاول بھٹو ہیلی کاپٹر سے اتر کر نیچے دیکھیں تاکہ حقیقت کا پتہ چلے۔
سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود روپیہ مستحکم کیوں نہیں ہو رہا؟، ہمارے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، طویل بحث کے بعد ہم نے اسمبلیوں سے استعفے دیئے، جب سازش کے تحت ہماری حکومت ختم کی گئی تو ان کے ساتھ بیٹھنے کا فائدہ نہیں، لوگوں نے سرکاری پروپیگنڈے کے باوجود عمران خان کے بیانیے کو قبول کیا ہے۔
وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم کو جگانے میں عمران خان کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، شہباز شریف کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے، پی ڈی ایم حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیوں کیا؟۔