لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آج شام ریلوے گرائونڈ دریا خان میں جلسے سے خطاب کریں گے ۔
جلسہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، کنٹینر لگا کر سٹیج تیارکر لیا گیاہے جس کے ارد گرد حفاظتی آہنی دیوار لگائی گئی ہے ،قرب و جوار میں موجود مارکیٹیں بند کروا دی گئیں۔
گذشتہ روز مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ 26 سال میں چند لوگوں سے شروع کر کے آج سب سے بڑی پارٹی بنائی، ٹیم کو گراؤنڈ میں ہمیشہ یہ کہتا تھا ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ٹیم کو یہ کہتا تھا کہ آپ نے آخری گیند تک مقابلہ کرنا ہے، پیسہ، پولیس اور جو مرضی کر لیں جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا نے یہاں ملک کے ڈاکو کو وزیراعظم بنا دیا، گھر گھر جا کر ایک پیغام دیں الیکشن نہیں، پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، امریکی سازش سے پاکستان کے بڑے ڈاکوؤں کو ہم پر مسلط کیا گیا، امریکا میں کوئی شخص ضمانت پر ہو تو چپڑاسی بننے نہیں دیا جاتا، امریکا نے یہاں پر ڈاکو کو وزیراعظم بنا دیا، ہم نے چوروں اور خاص طور پر لوٹوں کو شکست دینی ہے۔