اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کے لئے آج احتجاج میں شریک ہوں۔ میں آج رات 9 بجے احتجاج سے خطاب کروں گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پربیان میں کہا کہ جرائم کے بادشاہ آصف زرداری اورشہبازشریف نے پہلے اپنی لوٹی گئی رقم سے این آراو 2 حاصل کیا اوراب پنجاب اسمبلی کے ارکان کوخریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی مثال سامنے رکھتے ہوئے عوام ان بدمعاشوں، ان کے سہولت کاروں اورالیکشن کمیشن کو پیغام دیں کہ ہم پنجاب میں مینڈیٹ چرانے نہیں دیں گے۔حکومت تبدیلی کی امریکی سازش کے نتیجے میں لائی گئی امپورٹڈ حکومت نے پنجاب کےضمنی انتخابات میں سرکاری اورریاستی مشینری اورجانبداراوربد دیانت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان کی مدد سے دھاندلی کی کوشش کی۔ باشعور عوام ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ان کے یہ اقدامات قانون کا مذاق اڑانے اورآئین کی بے حرمتی ہے۔ پاکستان کے عوام سے کہ جس طرح 17 جولائی کو پنجاب میں الیکشن چرانے کی کوشش کو ناکام بنایا ویسے ہی اپنے مینڈیٹ کے تحفظ کے لئے آج شام پاکستان بھر میں احتجاج میں شرکت کریں۔ میں آج رات 9 بجے احتجاج سے خطاب کروں گا۔