اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کہنا ہے کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور جلد حالات پرقابو پالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے بجلی کے پلانٹس کی مرمت کا کام نہیں کیا، لوڈشیڈنگ پر قابو پانا ہماری ذمہ داری ہے اور اس کے لیے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں لوڈ شیڈنگ کم نہ ہونے پر وزیر اعظم حکام پر برس پڑے۔
لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوا یا نہیں وزیراعظم کے سوال پر توانائی کے حکام موثر جواب نہ دے سکے، وزیراعظم لوڈشیڈنگ اجلاس میں غصے سے دو دفعہ اٹھ کر باہر چلے گئے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جاری لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں، عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور جلد حالات پرقابو پالیں گے۔
اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس میں وزیراعظم کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعظم نے رپورٹ کاغذی کارروائی قرار دے کر مسترد کر دی اور حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ عملی کام کیا ہے تو بتائیں، باتیں مت کریں یہ کاغذ سامنے رکھ کر باتیں نہ کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتیں بلند ترین سطح پر ہیں، سابق حکومت نے سستی گیس خریدنے کا موقع گنوا دیا اور ہم نے مہنگی گیس خریدنے سے گریز کیا جبکہ قطر کے ساتھ کیے گئے معاہدے پرسابق حکومت نے الزامات لگائے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ترقی یافتہ ممالک نےگیس کی خریدرکھی ہے، عالمی منڈیوں میں تیل اورگیس کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، مہنگے تیل اور گیس پر بجلی بنانے پر زیادہ زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے۔