فلسطینی یہ رمضان بھی اسرائیلی ظلم و جبر میں ہی گزاریں گے، ترک وزیر مذہبی امور

ترکی کے وزیر مذہبی امور پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش نے غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے جاری مظالم عالمی برادری کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسلمان یہ رمضان بھی اسرائیلی ظلم و جبر کو برداشت کرتے ہوئے گزاریں گے۔ اسرائیل ایک طرف مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کو جانے سے روک رہا ہے۔ دوسری طرف فلسطینیوں کے گھر اور کاروباری مراکز مسمار کئے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی پولیس غیر قانونی یہودی آبادکاروں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے اور وہ فلسطینی مسلمانوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔

اسرائیلی ظلم و جبر اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ مسلمانوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ مساجد کے دروازے مسلمانوں کے لئے بند کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جو پہلے ہی چار سال سے اسرائیلی محاصرے میں ہے اس کے باوجود اس پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و جبر، انسانیت کے خلاف جرائم اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔

ڈاکٹر علی ارباش نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ہماری دعائیں فلسطینیوں، مسجد اقصٰی اور یروشلم کے لئے ہیں جہاں اسرائیل ہر روز ظلم کی ایک نئی داستان رقم کر رہا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More