دوحہ(پاک ترک نیوز) فیفا کو قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ سے ریکارڈ کمائی کی امید ہے ۔منتظمین کو میگا ایونٹ کے شایان شان انعقاد سے تمام تنازعات کے دم توڑنے کا بھی یقین ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکام کو روس میں کھیلے گئے گذشتہ ایڈیشن کے ریونیو 5.4 بلین ڈالر سے زیادہ آمدنی کی توقع ہونے لگی۔فٹبال ورلڈ کپ اتوار سے قطر میں شروع ہورہا ہے، ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ کیلیے میزبان ملک کی جانب سے شاندار انتظامات کیے گئے ہیں۔فیفا کو بھی قطر میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ریکارڈ آمدنی کی توقع ہے، وہ پہلے ہی 2لاکھ 40 ہزار ہاسپٹلٹی پیکجز فروخت کرچکی ہے۔
قطر نے اس میگا ایونٹ کیلئے کئی انتہائی خوبصورت سٹیڈیمز بھی تیار کیے ہیں تاہم مغربی میڈیا کی جانب سے شوپیس ایونٹ کے دوران قطر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مختلف ایشوز اٹھائے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے فی الحال ورلڈ کپ کے گرد تنازعات کی دھول دکھائی دے رہی ہے، البتہ منتظمین کو مکمل یقین ہے کہ جیسے ہی ورلڈ کپ شروع ہوتا یہ تنازعات بھی دم توڑ دیں گے اور پوری توجہ میدان میں ہونے والے ایکشن پر مرکوز ہوجائے گی۔
فیفا حکام کو پوری امید ہے کہ 2018 میں روس میں ہونے والے میگا ایونٹ میں حاصل ہونے والی 5.4 بلین ڈالر کی آمدن کا ریکارڈ اس بار ٹوٹ جائے گا۔
موسم موافق ہونے کی وجہ سے تمام میچز کے دوران ہاؤس فل ہونے کی امید ہورہی ہے۔ ٹیموں اور دنیا بھر سے آنے والے شائقین کی رہائش اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بھی بھرپور توجہ دی جانے لگی، اس کے ساتھ میزبان ملک کی جانب سے کچھ قوانین میں نرمی بھی برتنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
فیفا نے رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے 36 ریفریز کا تقرر کردیا، ان کا تعلق 31 مختلف اقوام سے ہے، پہلی بار 3 خواتین آفیشلز بھی ذمہ داری نبھائیں گی، میچ آفیشلز کی تقرری میں فیفا کی تمام 6 گورننگ باڈیز کو نمائندگی دی گئی ہے۔
ورلڈ کپ سے قبل کرسٹیانورونالڈو معدے کی خرابی کا شکار ہوگئے، جس کی وجہ سے وہ گذشتہ دنوں نائیجیریا کے خلاف وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکے، رونالڈو پرتگال کے ٹریننگ سیشن کے موقع پر غیر حاضر تھے، کوچ فرنانڈو سانتوس نے بتایا کہ وہ معدے کی تکلیف کا شکار ہیں، اسی وجہ سے انھوں نے نہ تو ٹریننگ کی اور نہ ہی نائیجیریا کے خلاف میچ میں حصہ لیا۔ یاد رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی انتظامیہ پر اعتراض کی وجہ سے رونالڈو پہلے ہی خبروں میں ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ کے میزبان قطر نے جعلی شائقین کے الزامات کو رد کردیا، میگا ایونٹ کیلیے قطر پہنچنے والے شائقین کی خوشیاں مناتے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تھیں، اس پر کچھ حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ کیا یہ واقعی اصل شائقین ہیں؟ جس پر قطر 2022 سپریم کمیٹی نے بیان جاری کیا کہ اس طرح کی باتیں انتہائی مایوس کن ہیں، ہم ان دعوؤں کورد کرتے ہیں۔
پاسپورٹ مسائل کی وجہ سے کوسٹاریکا نے عراق کے ساتھ وارم اپ میچ منسوخ کردیا، کوسٹاریکن اسکواڈ بس کے ذریعے کویت سے عراق میں داخل ہونے کیلیے جب بارڈر پر پہنچا تو معاہدے کے تحت انھوں نے اپنے پاسپورٹس پر عراقی حکام کو اسٹمپ نہ لگانے کا کہا جس پر وہ نہیں مانے، اس وجہ سے کوسٹاریکا کی ٹیم کویت میں اپنے کیمپ میں واپس لوٹ گئی۔
فیفا ورلڈ کپ سے قبل شریک ٹیموں کی فیصلہ کن تیاریوں میں تیزی آگئی، وارم اپ مقابلوں میں ارجنٹائن، جرمنی اور کروشیا نے فتوحات سمیٹ لیں، میکسیکو کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ ارجنٹائن نے متحدہ عرب امارات کو 0-5 سے شکست دی۔
اس کامیابی میں لیونل میسی نے بھرپور کردار ادا کیا،انھوں نے نہ صرف گیند کو جال میں پہنچایا بلکہ ایک گول میں معاونت بھی فراہم کی۔ میسی ارجنٹائن کی جانب سے آخری 5 میچز میں 10 گول کرچکے جبکہ مجموعی انٹرنیشنل گولز کی تعداد 91 تک پہنچا دی ہے۔ جرمنی نے مسقط میں اومان کو 0-1 سے زیر کیا۔ میکسیکو کو اسپین میں کھیلے گئے اپنے آخری وارم اپ میچ میں سوئیڈن کے ہاتھوں 1-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے آن لائن منافرت پر کریک ڈاؤن کی تیاری کرلی، اس کیلیے ایک سوشل میڈیا پروٹیکشن سروس لانچ کی گئی ہے، جس کی مدد سے پلیئرز میچ کے اختتام پر جب اپنے اسمارٹ فونز پر لاگ آن ہوں گے تو انھیں کسی بھی قسم کی گالم گلوچ اور نفرت انگیز پیغامات دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔