لاس اینجلس (پاک ترک نیوز) امریکی شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ سے بچے سمیت 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ حملہ آور زخمی ہوگیا جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق امریکا میں یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں فائرنگ میں ہلاکتوں کا تیسرا واقعہ ہے۔
انتظامیہ نے لاس اینجلس کے 30 میل جنوب مشرق میں واقعے کے محرکات کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
اورنج پولیس ڈپارٹمنٹ کی لیفٹننٹ جینیفر امات نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس افسران مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے جائے وقوع پر پہنچے جہاں مشتبہ حملہ آور کے ساتھ ان کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے میں بچے سمیت 4 افراد ہلاک اور حملہ آور سمیت 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔