لندن(پاک ترک نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ملک میں جلد انتخابات کا کوئی امکان نہیں،جنرل الیکشن انتخابی اصلاحات مکمل ہونے پر ہی ہونگے۔
ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کیلئے لندن پہنچ گئے۔ جہاں پر ان کی سابق وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی شریک تھے۔
دوسری طرف ن لیگ کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
ایک تصویر میں شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے جھک کر گلے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔