اسلام آباد-ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے پاکستان میں مزید پاک ترک معارف اسکولز اور ایک پاک ترک معارف یونیورسٹی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے بدھ کوپاک ترک معارف فاونڈیشن کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل، ترک ڈرامہ سیریل دیریلش ارطغرل کے اداکار بمسی بیرک، ایبرک پیکان اور پروڈیوسر اوزکان ایما بھی ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔
پاک ترک معارف فاونڈیشن کیمپس پہنچنے پر بچوں نے ترک وزیر خارجہ کو گلدستے پیش کیے اپنے خطاب میں ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دونوں قریبی بھائی چارے کے تعلقات ہیں۔ ترکی اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں۔ ہمیں بہت سے عوامل نے جوڑے رکھا ہے۔ ہماری جنگ آزادی میں اس خطے کے لوگوں نے مدد فراہم کی۔ ترک عوام پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ یہی وہ اثاثہ ہے کہ ترکی پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سے ہے اور رہے گا۔
پاکستان اور ترکی دونوں قریبی بھائی چارے کے تعلقات ہیں،ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ جلد پاکستان میں پاک ترک معارف یونیورسٹی کھولی جائے گی۔ پوری دنیا میں ترک معارف فاونڈیشن تعلیم دے رہی ہے۔ تعلیم کے ذریعے قیام امن پر فخر ہے۔ ہم پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنا چاہتے ہیں۔میولوت چاوش اوغلو نے کہا کہ پاکستانی عدالت عظمی نے معارف اسکولز کو ترک حکومت کے حوالے کر کے بڑا فیصلہ کیا، ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ آج پاک ترک معارف اسکولز کو مزید توسیع دینے کیلئے اہم معاہدہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان میں نئے اسکولز کھولے جا سکیں گے۔ امید ہے کہ پاک ترک معارف اسکولز، کالجز سے ہی کوئی پاکستان کا وزیر خارجہ بنے گا۔