مغربی ممالک روس اور بیلا روس پر پابندیاں لگانے کے بہانے ڈھونڈرہے ہیں، پیوٹن کا الزام

ماسکو(پاک ترک نیوز)روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ملکوں نے امریکہ کی قیادت میں روس اور بیلاروس پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔اور یوکرین نہیں تو کوئی بہانہ تر اش کر وہ یہ غیر منصفانہ اقدام ضرور اٹھائیں گے۔
وہ گذشتہ روز بیلاروس کے صدر الیگزنڈر لوکاشنکو سےملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ روس اور بیلاروس کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت کو نقصان پہنچانا ہے ، جس کے لئے ہمارے مخالفین بہانوں کی تلاش میں ہیں۔ اور اگر انہیں یوکرین کے معاملے پر ایسا کرنے کا موقعہ نہیں ملے گاتو وہ کوئی اور بہانہ ڈھونڈ لیں گے۔ روسی صدر نے زور دیکر کہا کہ یہ ناانصافی ہے ۔ اور دنیا کے بہت سے ممالک اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے اسکی مخالفت کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں پیوٹن نے کہا کہ امریکہ اور اسکے اتحادی جوکچھ کرنا چاہتے ہیں یہ بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی ہے ۔ مگر سچ یہ ہے کہ یہ ملک عالمی قوانین کی پاسداری کی بات صرف اسی وقت کرتے ہیں جب ایسا کرنے میں انکا کوئی فائدہ ہو رہا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ سب منظور نہیں کیونکہ ہمارے دونوں ملکوں کے عوام اس طرز عمل کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہوتے آ رہے ہیں ۔اور اس مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ ہم خود کو اندر سے مضبوط کریں خصوصاً اپنی معیشتوں کو انکے چنگل سے آزاد کرائیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More