لاہور(پاک ترک نیوز) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مونس الہی کے بیان سے سیاست میں عدم مداخلت کے مؤقف پر شکوک پیدا ہوئے۔قوم عسکری قیادت پر اعتماد کرتی ہے، الیکشن اگر دسمبر میں شروع ہوں گے تو نوازشریف دسمبر میں آجائیں گے،اور اگر جنوری میں شروع ہوئے تو جنوری میں آجائیں گے۔
لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے کالے کرتوتوں کا کبھی جواب نہیں دیا، چیئرمین پی ٹی آئی اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے اندر جائیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب اور کے پی اسمبلی توڑی جائے تو باقی اسمبلیاں برقرار رہیں گی، اسمبلی تحلیل کے حوالے سے کل بھی میٹنگ ہوئی ہے اور آج بھی میٹنگ ہوگی، سیاست میں گفتگو اور مذاکرات کے بغیر آگے نہیں بڑھا جاسکتا، سیاست میں ایک دوسرے کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے، کل پہلی دفع بات کی گئی کہ میں مخالفین کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے سامنے موقف رکھیں گے کہ مہنگائی گزشتہ 7 ماہ میں نہیں گزشتہ 4 سال سے ہو رہی تھی، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم مہنگائی میں کمی نہیں لاسکے، آنے والے وقت میں مہنگائی کو کنٹرول کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی، اگر انہوں نے جیل جانا ہے یا ان کے خلاف کوئی کیس بننا ہے تو وہ ہم نہیں بنا رہے، یہ ان کے اپنے کالے کرتوت ہیں جن کا انہوں نے کبھی جواب نہیں دیا، میرے خلاف منشیات ہیروئن کا کیس بنایا گیا ، میں چیلنج کرتا ہوں اس کا بھی بلڈ ٹیسٹ کیا جائے اور میرا بھی کیا جائے اور دیکھا جائے کس کے بلڈ میں نشے کے اثرات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فرح گوگی پورے پنجاب سے پوسٹنگ ٹرانسفر کے پیسے اکٹھی کرتی رہی، 2، 2 کروڑ روپے میں ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ڈی جی، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی لگتے رہے، 12 ارب روپے کی بینک ٹرانزیکشن ہے اور جو جہازوں میں پیسے باہر بھیجے گئے وہ علیحدہ ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ باجوہ صاحب اپنی ایک بھرپور ملازمت گزار کر جا چکے، ماضی میں توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کر کے بیچی گئیں اور پورے ملک کا مذاق بنایا، اپنے مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے گئے۔
قبل ازیں انسداد منشیات عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس پر سماعت ہوئی۔
رانا ثناء اللہ نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، وزیر داخلہ کے وکیل نے استدعا کی کہ رانا ثناء اللہ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہو سکے، ایک ہفتے کی تاریخ ڈال دیں۔
بعدازاں عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔