مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔جبکہ عمرہ سیزن نئےسال کے پہلے دن یکم محرم الحرام سے شروع ہو جائے گا۔
سعودی میڈیا کے مطابق حج وعمرہ پرکام کرنے والے تمام ادارے اس ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔جس کے لئے بیرون ملک ایجنٹوں کو تیار کیا گیا ہے۔اور تمام غیر ملکی ایجنٹوں کو آن لائن سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے۔چنانچہ اب گروپوں میںآنے والوں کے لیے”بی2بی” نظام متعارف کرایا گیا ہے جبکہ انفرادی طور پر آنے والے "بی 2سی "نظام سے جوڑ دیئے جائیں گے۔
اندرون ملک عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے 500 کمپنیاں کام کر یں گی جن میں تربیت یافتہ افراد بھرتی ہیں۔اسی طرح وزارت حج سے اجازت یافتہ دو ہزار سے زیادہ ایجنٹوں کو اجازت نامہ جاری ہوا ہے جو تمام ممالک میں کام کریں گے۔
وزارت حج و عمرہ کی نگرانی میں 34 پورٹل سے عمرہ پیکیجز اور خدمات متعارف ہوں گے۔جبکہ عمرہ پیکیجز خریدنے کے لیے ویزا اور ماسٹر کارڈ کے علاوہ چند بینکوں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
مزید براںعمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 68 کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے جن کی جدید بسوں کے ذریعہ زائرین کو حرمین الشریفین منتقل کیا جائے گا۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 1900 ہوٹلوں کو بھی تیار کیا گیا ہے جو مختلف کیٹگریز میں رہائش کی سہولتیں فراہم کریں گی۔
یاد رہے کہ عمرہ زائرین سے عمرہ ویزادرخواستوں کی وصولی کا آغاز ہو چکا ہے۔اورتوقع کی جارہی ہے کہ عمرہ موسم یکم محرم الحرام سے شروع ہوگا۔