دبئی (پاک ترک نیوز) پاکستان ویمنز ٹیم کی آل رائونڈر ندا ڈدار کو آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ۔پلیئر آف دی منتھ کے لیے بھارت کی جیمیمہ راڈرگس اور دیپتی شرما کی بھی نامزدگی ہوئی تھی۔مینز کیٹگری میں سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمن پلیئر آف دی منتھ ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ندا ڈار کو اکتوبر کے مہینے میں شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا۔
انہوں نے گذشتہ ماہ 6 میچز میں 72.50 کی اوسط سے 145 رنز اسکور کیے اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
جب کہ اسی کے ساتھ پاکستان کی آل راؤنڈر نے بھارت کے خلاف شاندار فتح میں آل راؤنڈر اننگز کھیلی تھی، انہوں نے بیٹنگ میں 56 رنز اور بولنگ میں 23 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا ہی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاش ہم ایشیا کپ بھی جیت سکتے، لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم بطور ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔