واشنگٹن(پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ عالمی بینک گروپ یوکرین کے لیے کل 3 ارب ڈالر کا امدادی پیکج تیار کر رہا ہے اور ہنگامی مالی امداد کے لیے یوکرین کی درخواست کا غور بھی کر رہا ہے۔
بدھ کے روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہمارے ادارے مالیاتی اور پالیسی کے محاذوں پر یوکرین کی مدد کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور فوری طور پر اس مدد میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ہم بحرانی اقدامات پر حکام کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں ہیں۔”
بیان کے مطابق، آئی ایم ایف یوکرین کی ریپڈ فنانسنگ انسٹرومنٹ کے ذریعے ایمرجنسی فنانسنگ کی درخواست کا جواب دے رہا ہے، جس پر اس کا بورڈ اگلے ہفتے کے اوائل میں غور کر سکتا ہے۔
جبکہ ورلڈ بینک گروپ آنے والے مہینوں میں 3 ارب ڈالر کا سپورٹ پیکج تیار کر رہا ہے، جس کا آغاز کم از کم 350 ملین ڈالر کے بجٹ سپورٹ آپریشن سے ہوگا جو اس ہفتے منظوری کے لیے بورڈ کو پیش کیا جائے گا۔ جس کے بعد 20 کروڑڈالر صحت اور تعلیم کے لیے تیزی سے تقسیم کی جانے والی امداد کی مدمیں جاری کئے جائیں گے۔