وزیراعظم پاکستان اور ترک صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔ 12 ترک فوجی طیاروں، 4گڈنیس ٹرینوں اور 02 ترک ریڈ کریسنٹ ٹرکوں کے ذریعے خیموں، ہنگامی خوراک کی اشیاء اور ادویات کی فوری روانگی کی صورت میں پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر وزیراعظم نے صدر اردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کیا. وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے یکجہتی کے طور پر وزیر داخلہ سلیمان سویلو، مرات کروم، وزیر برائے ماحولیات، اے ایف اے ڈی کے سربراہ اور ٹی او کے آئی کے نمائندے کے یکم ستمبر 2022کو کیے گئے پاکستان کے دورہ پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا ۔ صدر اردوان کو سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق سیلاب سے پاکستان کی جی ڈی پی میں 2 فیصد سے زیادہ کمی کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے ملک میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں، مکانات اور اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں غذائی عدم تحفظ کے فوری طور پر چیلنج سے نبرد آزما ہے اور ساتھ ہی اس موسمیاتی آفت کے متاثرین کی بحالی کا کام بھی کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے صدر اردگان کو حکومت کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا، اور خوراک کی کمی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے ترکی کی مدد کی درخواست کی ۔ دو طرفہ تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More