ماسکو (پاک ترک نیوز) روس نے مغربی ممالک کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے جواب میں 500سے زائد غیر ملکی طیارہ واپس نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے قانون پر دستخط کر دیئے جس کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے روس کو کرائے کی مد میں دیئے گئے ہوائی جہاز واپس نہیں کئے جا ئیں گے ۔
روس کے یوکرین پر حملے کے بعد مغربی کمپنیاں روسی فضائی کمپنیوں سے اپنے طیاروں کی لیز منسوخ کر کے طیاروں کی واپسی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔روسی فضائی کمپنیوں کے پاس 515طیارے لیز یا کرائے پر حاصل کئے گئے ہیں جن کی مالیت 10ارب ڈالر سے زیادہ ہے اور یہ کل استعمال کئے گئے طیاروں کا 75فیصد ہیں۔اس بحران سے بچنے کے لیے بنائے گئے نئے قانون کے تحت غیرملکی طیاروں کو روس میں ہی رجسٹر کیا جائے گا تاکہ پروازیں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں۔طیارے واپس کرنے کی صورت میں روس کو مسافر بردار طیاروں کی شدید کمی کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ، یورپی یونین اور کئی دیگر ممالک کی جانب سے روسی طیاروں کی اپنی حدود میں داخلے پر پابندی کے بعد سے روس سے بین الاقوامی پروازیں تقریباً معطل ہیں۔