پاکستان کا وسط ایشیا تک ریل نیٹ ورک تعمیر کرنے کا اعلان

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
قازقستان کی پارلیمینٹ کے چیئرمین یرلان کوشانوف کی قیادت میں 9 رکنی پارلیمانی وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور قازقستان کے تعلقات کی خصوصی نوعیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا، پاکستان اور قازقستان تاریخ، مذہب اور ثقافت میں گہرے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قازقستان کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت کے ساتھ آستانہ اور سمرقند میں اپنی ملاقاتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین نے تعلقات کو فروغ دینے کے لئے نتیجہ خیز بات چیت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ صدر قازقستان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ پاکستان جلد ہی وسطی ایشیائی ریاستوں کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے سڑک اور ریل رابطوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
یرلان کوشانوف نے وزیر اعظم کو بین الپارلیمانی دوستی گروپ کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان عوام کے درمیان تبادلوں کو مزید فروغ دینے کے لیے پارلیمانی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا ۔ان کیا کہنا تھا قازقستان پاکستان کی بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت ، دواسازی اور سرجیکل اور کھیلوں کے سامان میں تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ دوطرفہ تجارت صرف 95 ملین ڈالر ہے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو قلیل مدت میں آسانی سے دگنا کیا جا سکتا ہے، قازقستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے قازقستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چیئرمین نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے رابطہ سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More