اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج ساہیوال میں میدان سجائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے پی ٹی آئی آج سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے جارہی ہے، اس سلسلے میں تحریک انصاف آج ساہیوال میں پنڈال سجائےگی۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پی پی 202 میں کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے، انتخابی جلسہ 90 موڑ کے مقام پر کیا جائے گا، ساہیوال جلسےکے بعد عمران خان لاہور پہنچیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب ضمنی انتخابات میں امپورٹڈ حکومت کو بھرپور جواب دینے کیلئے آج سے جلسے جلوس کرنے جارہے ہیں، پہلا پڑاؤ ساہیوال میں ہوگا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی مشاورت کے بعد ساہیوال کے حلقے پی پی 202 سے میجر (ر) غلام سرور کو ٹکٹ جاری کیا ہے، ان کے مدمقابل ڈی سیٹ ہونے والے نعمان لنگڑیال ہیں جو کہ اب مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔