لاہور(پاک ترک نیوز) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ جیت کر وطن لوٹے گی،میری دعائیں اور نیک خواہشات پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پنجاب کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پنجاب میں کھیلوں خصوصا کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، سپورٹس کو نچلی سطح پر فروغ دینے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے،پنجاب حکومت ینگ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اقدام اٹھائے گی۔ پاکستان کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کا سپورٹس کے فروغ کیلئے ویژن قابل تحسین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کرکٹ کےکھیل کےفروغ کیلئےاقدامات تسلسل کےساتھ جاری رکھےگا۔