پولیس نے گوگل سٹریٹ ویو کی مدد سے 20سال سے مفرور مافیا ڈان پکڑلیا

میڈرڈ(پاک ترک نیوز) سپین میں پولیس نے 20سال سے مفرور ایک مافیا ڈانکو گوگل سٹریٹ ویو کی مدد سے گرفتار کرلیا۔گیواچینو گیمینو نامی یہ مافیا ڈان، قتل سمیت متعدد سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا لیکن 2001 سے غائب تھا۔2014 میں اسے انتہائی مطلوب مجرم قرار دیتے ہوئے پورے یورپ کےلیے اس کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کردیئے گئے لیکن وہ کسی کے ہاتھ نہیں آیا۔
گزشتہ برس ’گوگل اسٹریٹ ویو‘ پر ایک تصویر میں وہ میڈرڈ، سپین کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے گیلاپاگار میں ایک دکان کے باہر دکھائی دیا اور پولیس نے اسے پہچان لیا۔
یہ تو معلوم نہیں کہ پولیس ’گوگل اسٹریٹ ویو‘ کی اس تصویر کی کی طرف کیسے متوجہ ہوئی لیکن ہسپانوی میڈیا نے اتنا ضرور بتایا ہے کہ گیمینو کی شناخت ہوجانے کے بعد مقامی پولیس نے ہر پہلو سے اپنی چھان بین مکمل کی، جس کے بعد مافیا ڈان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ گیمینو پچھلے 20 سال سے اس قصبے میں نام بدل کر رہ رہا تھا اور یہیں پر اس نے شادی بھی کر لی تھی۔گیلاپاگار قصبے میں وہ شیف کا کام کرتا تھا جبکہ یہیں پر اس نے پھلوں اور سبزیوں کی ایک دکان بھی خریدی ہوئی تھی۔
سپین کی پولیس نے گیمینو کی حتمی شناخت کےلیے اس ریسٹورینٹ کے فیس بُک پیج پر موجود دوسری تصاویر سے بھی مدد لی جن میں وہ شیف کے لباس میں دکھائی دے رہا تھا اور اس کی ٹھوڑی پر زخم کا نشان واضح تھا جو اس کی شناختی علامت بھی تھا۔
17 دسمبر 2021 کے روز جب گیمینو کو گرفتار کیا گیا تو وہ 61 سال کا ہوچکا تھا اور حیران تھا کہ پولیس کو اس کا سراغ کیسے ملا۔’’میں نے تو پچھلے دس سال سے اپنے گھر والوں کو ایک فون بھی نہیں کیا ہے،‘‘ اس نے مبینہ طور پر تفتیشی افسر سے کہا۔
مافیا ڈان کی حیرت اپنی جگہ لیکن اتنا ضرور ثابت ہوگیا ہے کہ اگر ٹیکنالوجی کا درست استعمال کیا جائے تو وہ جرائم کی بیخ کنی میں بھی ایک مؤثر ہتھیار بن سکتی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More