لاہور(پاک ترک نیوز) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )7کا کل سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا ۔دوسرے مرحلے کے میچز 27فروری تک جاری رہیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 7کے دوسرے مرحلے کا آغاز کل سے لاہور میں ہو گا ۔کرکٹ شائقین شدت سے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنے سامنے دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں ۔ این سی او سی نے 50فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دے رکھی ہے جبکہ 16فروری کے بعد 100فیصد شائقین کرکٹ میدانوں کا رخ کر سکیں گے ۔
قذافی سٹیڈیم میں کل ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا ۔ میچ میں اوس کا کردار ٹاس سے زیادہ ہونے کا امکان ہے ۔شام کے بعد کھلے میدان میں اوس گرنا شروع ہو جاتی ہے ، اوس کا لاہور میں ہونے والے میچز میں اہم کردار ہو گا، ٹیمیں چاہیں گی کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کریں کیونکہ بعد میں بو لنگ کرتے ہوئے گیند گیلی ہونے کی وجہ سے بال گرپ کرنے میں مشکل ہو سکتی ہے ۔
پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے میں لاہور میں تین ڈبل ہیڈرز ہوں گے ، پہلا میچ ڈھائی بجے شروع ہوگا۔