کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کل کراچی میں میدان سجائے گی تاہم شہر قائد میں مسلسل ہونے والی بارش کے باعث جلسے کے مقام پر پانی بھر جانے کے باعث جلسے کا مقام تبدیل کردیا گیا ۔اب تحریک انصاف کا جلسہ جناح گرائونڈ کی بجائے شاہراہ قائدین پر ہو گا ۔ جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خطاب کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں مسلسل بارشوں کے باعث جناح گراؤنڈ میں نہ صرف پانی اور کیچڑ جمع ہوچکا ہے بلکہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث وہاں جلسے کا انعقاد ممکن نہیں رہا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ جلسہ جناح گراؤنڈ میں ہونا تھا تاہم مسلسل بارشوں کے باعث وہاں پانی بھر چکا ہے اس لیے جلسے کا مقام تبدیل کیا گیا ہے اور اب یہ جلسہ شاہراہ قائدین پر ہوگا۔ آج وہاں جاکر جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ 21 اگست کو این اے 245 میں ہونے والے ضمنی الیکشن اور 28 اگست کو بلدیاتی الیکشن کی مہم کے سلسلے میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان کراچی آرہے ہیں وہ کل جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں پی ٹی آئی کا جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے کیونکہ بارشوں کے باعث شہر حیدرآباد مکمل طور پر بند ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی مہم چلانے کا خود فیصلہ کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک بھر میں جلسے کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا کراچی میں بڑے جلسے اور9 نشستوں پر انتخابی مہم خود چلانے کا فیصلہ
کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 پر اتوار 21 اگست کو ضمنی الیکشن بھی ہونا ہے یہ نشست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔