انطالیہ (پاک ترک نیوز)افغانستان کی عبوری طالبان حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملک کے دارالحکومت کابل سمیت دیگر شہروں کے ہوائی اڈوں کو چلانے کے حوالے سے مہینوں کی بات چیت کے بعد ترکی اور قطر کے ساتھ معاملات طے کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیںاور جلد ہی سہ فریقی معاہدہ متوقع ہے۔
افغانستان کے وزیر خارجہ امیر اللہ خان متقی اور قائم مقام وزیر ثقافت اور اطلاعات خیر اللہ خیرخواہ نےگذشتہ روز انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے موقعہ پر صحافیوں سے گفتگو میںبتایا کہ ترکی ،قطر اور افغان حکومت معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔اور امید ہے کہ مستقبل قریب میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں خیر اللہ خیرخواہ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ترکی اور قطر ہیں جو پہلے دن سے کابل ائرپورٹ کو چلانے میں ہمیںمدد دے رہے ہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی کابل ہوائی اڈے کے آپریشن پربات چیت جاری ہے۔ ترجیح ترکی اور قطر ہیں،مگر کچھ غلط ہوا تو کسی اور ملک پر غور کیا جائے گا۔
دریں اثناترک وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ ترکی، قطر اور متحدہ عرب امارات بھی ممکنہ طور پر سہ فریقی انداز میں ہوائی اڈے کو چلا سکتے ہیں۔