باکو(پی ٹی این)آذربائیجان کے صدر نے کاراباخ میں عالمی معیار کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا کہنا ہے کہ فضولی شہر میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے زمین کی نشاندہی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ رواں سال ہی تعمیر ہوگا۔ الہام علیوف کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ سے شوشا شہر تک سیاحوں کی آسان رسائی بھی ممکن ہوسکے گی۔ آرمینیا کے تسلط سے آزادی کے بعد کاراباخ میں تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔
تمام علاقوں تک بجلی کی فراہمی اور سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔ 44 دن کی جنگ کے بعد آرمینیا نے آذربائیجان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے اور کاراباخ کا قبضہ چھوڑ دیا۔ آذربائیجان کی بہادر افواج نے 27 سال سے آرمینیا کا ظلم سہنے والے اس خطے کی آزادی کے لیے 2783 جانوں کا نذرانہ دیا۔