گورنر کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائیگا: ن لیگ کا فیصلہ

 

لاہور(پاک ترک نیوز) لاہور: وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ما ڈل ٹاون میں پارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں لیگی ارکان صوبائی اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کیلئے ن لیگ متحرک ہو گئی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم بیٹھک ہوئی جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق،سردار ایازصادق،خواجہ سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطااللہ تارڑ سمیت دیگررہنمااشریک تھے۔ اجلاس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پرمشاورت کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے صوبائی اسمبلی 23 دسمبر کو تحلیل کرنے کے حوالےسے ن لیگ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی اعلیٰ قیادت نے اراکین پنجاب اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان پنجاب اسمبلی آئندہ ہفتہ لاہور ہی میں قیام کریں۔ اس سلسلے میں انہیں ہر وقت پارٹی قیادت سے رابطوں میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی قیادت نے اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں اور آزاد اراکین سے بھی لاہور پہنچنے کی درخواست کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی جمع کروائی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ لینے کے دونوں آپشنز کے پیش نظر لیگی اراکین پنجاب اسمبلی کو تاحکم ثانی لاہور ہی میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More