ریاض(پاک ترک نیوز)سعودی عرب نے یمن میں دو ماہ کی جنگ بندی کے اقوام متحدہ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کا لائق تحسین اقدام قرار دیا ہے۔
یہ بات سعودی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روزاقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جانب سے جنگ بندی پر فریقین کے اتفاق کے اعلان کے بعد کہی ہے۔مملکت نے یمنی حکومت اور عرب اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کو قبول کرنے کے اعلان کے خیرمقدم اور حمایت کا اعادہ کیا۔اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں کو بھی سراہا، جو یمنی بحران کے خاتمے کے لیے مارچ 2021 میں اعلان کردہ سعودی اقدام کے مطابق ہے۔
قبل ازیں جمعہ کو، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے یمن ہنس گرنڈبرگ اور یمنی حکومت نے بتایا کہ تنازع کے فریقین جنگ بندی پر متفق ہیں۔ جو ہفتہ 2 اپریل 19:00 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجراف نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے موقع پر یمن کے اندر اور سعودی عرب کے ساتھ سرحدوں کے ساتھ دو ماہ کے لیے آپریشن بند کرنے کے اعلان کو سراہا ہے۔
جنگ بندی کے اعلان کا ایران، متحدہ عرب امارات ،قطر اور دیگر اسلامی ممالک کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ۔