ماسکو(پاک ترک نیوز)
یوکرین میں جنگ کے شروع ہونے کےبعد پہلے سروے کے نتائج کے مطابق 83فیصد روسی ولادیمیر پیوٹن کے اقدامات کو ضروری قرار دیتےہیں ۔ اس سے قبل یہ اعداد وشمار 71فیصد تھے۔
یہ سروے خودمختار ادارے لیواڈا سینٹر نے کیا جس کے مطابق روس کے یوکرین میں اقدامات کی مخالفت کم ہوئی ہے اور وہ 27فیصد سے کم ہو کر 15فیصد تک رہ گئی ہے۔
لیواڈا پول کے مطابق مجموعی طور پر روسی حکومت اور اسکے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن کی بھی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے۔
پیوٹن نے 24فروری کو یوکرین می روسی زبان بولنے والوں کی نسل کشی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک فوجی آپریشن شروع کیا اور یوکرین پر روس مخالف عسکری اتحاد نیٹو سے قربت کا الزام بھی عائد کیاگیا۔ یاد رہے کہ ماسکو اپنی مغربی سرحدوں کیلئے نیٹوکی توسیع پسند حکمت عملی کو خطرہ قرار دیتا ہے۔
اس حملے کے بعد سے مغربی ممالک بالخصوص امریکہ اور اسکے اتحادیوں نے روس پر سخت مالیاتی پابندیاں عائد کیں ہیں اور روس کو عالمی مالیاتی نظام سے الگ تھلگ کرنے کیلئے اقدامات کیے ہیں جس سے روسی کرنسی روبل کی قدر میں بہت کمی ہوئی ہے۔