ایتھنز (پاک ترک نیوز) روس کے حملے پر یوکرین سے اظہاریکجہتی کے لیے یورپ میں سب سے بڑا مظاہرہ یونان کی پارلیمنٹ کے سامنے کیا گیا ۔
اس مظاہرے میں ہزاروں یونانی شہری شریک ہوئے ۔ جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی جو جنگ بند کرو اور پیوٹن کو روکو کے نعروں والے پلے کارڈزاٹھائے نعرے لگارہے تھے ۔
واضح رہے کہ یوکرین میں روسی افواج کی بمباری سے 10 یونانی شہری بھی مارے گئے ہیں ۔اس لیے یونانی شہری پوری قوت سے سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔
اس سے پہلے یورپ کی قدیم ترین سمجھی جانے والی یونانی پارلیمنٹ پر یوکرین سے سرکاری طور پر اظہاریکجہتی کیا گیا اور یوکرین کا قومی پرچم پارلیمنٹ کی عمارت پر روشن کیا گیا اور اب نیٹو کے ممبر ممالک میں یونان وہ پہلا ملک ہے جس نے سب سے پہلے امدادی سامان یوکرین روانہ کیا ہے ۔ یہ امدادی سامان پولینڈ کے راستے یوکرین روانہ کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ یوکرین سے شہریوں اور غیر ملکیوں کا انخلا بھی پولینڈ کی سرحد سے کیا جارہا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ پولینڈ کو دس لاکھ تک پناہ گزینوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔