متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی شہریوں کو ویزے جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ فی الحال ویزے عارضی طور پر مینول سسٹم کے تحت جاری ہو رہے ہیں۔ یو اے ای اسرائیلی شہریوں کے لئے ویزہ فری انٹری کا نظام رائج کر رہا ہے جس کے بعد اسرائیلی شہریوں کو ایئر پورٹ آمد پر ہی ویزہ جاری کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلیوں کو سیاحتی ویزوں کا اجرا شروع ہو چکا ہے۔ یو اے ای کی کابینہ نے نومبر میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات قائم ہونے کے بعد ویزہ فری انٹری معاہدے کی منظوری دی تھی تاہم یو اے ای کے ایئر پورٹس پر اسرائیل کے شہریوں کے لئے ویزہ فری انٹری کا خودکار نظام نافذ کرنے میں کچھ وقت ہے۔ اسی لئے عارضی طور پر مینول ویزے جاری ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 15 ستمبر کو متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو بحیثیت ریاست تسلیم کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے۔ اب تک دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے طے پا چکے ہیں۔