باکو (سید رضا /پاک ترک نیوز ) آذربائیجان میں کورونا کی روک تھام کیلئے لگائی پابندیاں جون سے مرحلہ وار اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آج سے باکو میٹرو دوبارہ چل پڑی ۔ پابندیاں اٹھانے کا اعلان آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف کے معاون صدارتی انتظامیہ کے معاشی امور اور جدید ترقیاتی پالیسی کے محکمے کے سربراہ شاہمر موومسوف کی جانب سے آپریشن ہیڈ کوارٹر میں بریفنگ کے دوران کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق جون سے بڑے شاپنگ سینٹرز دوبارہ کام کھل جائیں گے لیکن سب کے لیے ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ عبادت گاہوں کو 10 جون سے کھول دیا جائے گا۔
کوویڈ پاسپورٹ یعنی ایک سرٹیفکیٹ کے ذریعے کھیلوں کی سہولیات تک رسائی کی اجازت ہوگی ۔ ابتدائی طور پر کوویڈ پاسپورٹ صرف کھیلوں اور صحت کے مراکز کے داخلہ راستوں پر استعمال کیا جاسکے گا۔
لیکن مستقبل میں کوویڈ پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دوسرے کاروباری اداروں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ انہیں محفل موسیقی ، تھیٹر ، شادیوں اور دیگر تقریبات کے بارے میں بھی شرکت کی اجازت ہوگی ۔
صدر الہام علی یوف کے معاون شاہمر موومسوف نے واضح کیا کہ "ماسک ، سماجی فاصلے اور تعداد کی حدپر عملدرآمد ہرصورت یقینی بناناہوگا۔ "