ریاض(پاک ترک نیوز) — ابشر پلیٹ فارم اور توکلنا ایپ کے ضم ہونے کے بارے میں حال ہی میں وائرل ہونے والی خبریں غلط ہیں۔ اسی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ اس امر کی وضاحت سعودی معاون وزیر داخلہ برائے تکنیکی امور شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ بن مشاری نےآج یہاں انوویشن اینڈ دی فیوچر آف گورنمنٹ ورک کانفرنس کے دوران کی۔
پرنس ڈاکٹر بندر نے کہا کہ ابشر اور توکلنا ایپس کو ملا کر ایک ایپ بنانے کے بارے میںسماجی رابطے کی ویب سائٹس پر زیر گردش خبروں کا حقیقت سےکوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے منعقد ہونے والی ایل ای اے پی (لیپ) کانفرنس میں ایک شریک شخصیت نے اپنی اس رائے کا اظہار کیا تھاجس کا حکومت سے کچھ لینا دینا نہیںہے۔
دریں اثنا نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عصام الوقیت نے تصدیق کی کہ ابشر پلیٹ فارم اور توکلنا ایپ کو ایک دوسرے کے لئے معاون تصور کیا جاتا ہے۔چنانچہ ان ایپس کو ضم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔