تل ابیب(پاک ترک نیوز)
اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ آئندہ ہفتے ترکی کا دو روزہ دورہ کریں گے ، یہ دورہ 2008 کے بعد اسرائیل کے کسی سربراہ کو پہلا ترکی کا دورہ ہوگا۔
یہ دورہ ترک صدر جب طیب اردوان کی دعوت پر ہورہا ہےاور اس میں اسرائیلی صدر کی اہلیہ مشیل ہرزوگ بھی انکے ہمراہ ہوں گی۔
دونوں رہنما انقرہ میں سرکاری استقبالیہ تقریب کے بعد صدارتی کمپلیکس میں ملاقات کریں گے جس میں کئی دو طرفہ امور بشمول مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات کی جائے گی۔
اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی کے دوران انکی ستنبول میں یہودی برادری کے ارکان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ترکی کے ادارہ برائے ابلاغ کے مطابق دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کی تمام جہات کا جائزہ لیا جائےگا۔ملاقات میں تازہ ترین علاقائی ، بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
ترکی اسرائیل تعلقات:
یاد رہے کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات ہیں لیکن گزشتہ ایک دہائی سے ان تعلقات میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب غزہ کیلئے امداد لے جانے والے ترک جہاز پر اسرائیلی کمانڈوز نے حملہ کیا، اسکے علاوہ امریکہ کی جانب سے اپنا سفارتخانہ یروشلم میں منتقل کرنے کے بعد بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوئے لیکن اس دوران دونوں ممالک کے تجارتی و معاشی تعلقات سیاسی معاملات سے متاثر ہوئے بغیر قائم رہے۔ گزشتہ ایک برس سے ترک صدر کی خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور بہتری کی کوششوں کے سلسلے میں اسرائیل کے ساتھ بھی مفاہمتی عمل شروع کیا گیا جس کے نتیجہ میں اسرائیلی صدر انقرہ کا دورہ کررہے ہیں۔