کابل ( پاک ترک نیوز)افغانستان کے مرکزی بینک، دا افغانستان بینک (ڈی اے بی) نےاعلان کیا ہے کہ وہ بدھ کے روز تقریباً 10 ملین ڈالر کی نیلامی کرے گا تاکہ افغان کرنسی "افغانی”کی قدر میں اضافہ ہو سکے۔
ڈی اے بی نے پیر کے روز یہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے افغان کرنسی کے مضبوط ہونے کی امید ہے۔جو اس وقت اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر کی 92.26 افغانی کے نرخ پر فروخت ہو رہی ہے۔اس حوالے سے مرکزی افغان بنک نے ملک بھر کے کمرشل بینکوں اور ایکسچینج اور مانیٹری سروسز کمپنیوں سے کہا کہ وہ ٹینڈر میں حصہ لیں۔ اس ضمن میں حکومت کی اشد ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ کامیاب بولی دہندہ کو اسی روز مکمل ادائیگی کرنا ہوگی۔
نیلامی کا یہ اقدام امریکی صدر کی جانب سے گزشتہ جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں افغانستان کے مرکزی بینک کےامریکہ میں منجمد 7 ارب ڈالر کے اثاثوں میں سے نصف کو 9/11 حملوں کے متاثرین کے نام پر غصب کرتے ہوئے بقیہ نصف غربت کے مارے افغانستان کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا تھا ۔تا ہم ڈی اے بی نے امریکی مالیاتی اداروں میں موجود 7 ارب ڈالر کے نصف اثاثوں کو ضبط کرنے کے امریکی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ رقم کسی حکومت یا گروپ کی نہیں بلکہ افغانستان کے لوگوں کی ہے۔ چنانچہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیکر افغانستان کی پوری رقم واپس کی جائے۔